گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار پر تشویش، 491 میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار

گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار پر تشویش، 491 میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار

اسلام آباد: ملک بھر میں گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار سے متعلق تشویشناک انکشافات سامنے آئے ہیں جہاں 491 نمونوں میں سے 176 کو غیر معیاری قرار دیا گیا، جو مجموعی نمونوں کا تقریباً 36 فیصد بنتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں دستیاب خوردنی اشیا کے معیار سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 204 بناسپتی گھی کے نمونوں میں سے 98 غیر معیاری پائے گئے، جبکہ 146 مکسڈ کوکنگ آئل کے نمونوں میں سے 40 مقررہ معیار پر پورے نہیں اترے۔

اجلاس میں گھی، کوکنگ آئل اور دودھ کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بازار میں دستیاب پیک شدہ اشیا کے معیار کی نگرانی مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کا استعمال صحت کے لیے سنگین مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی،ٹکرائو ، جلائو گھیرائو سے اجتناب کرے،پرامن منتشر ہونے کے سوا اب کو ئی راستہ نہیں ،طارق فضل چوہدری

کمیٹی نے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا سروے کرانے کی ہدایت کر دی۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں، علاقائی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو غیر معیاری اشیا کے خلاف نگرانی اور چیکنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اشیائے خورونوش کے معیار کی جانچ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ صارفین کو معیاری اور محفوظ مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Related Articles