نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز اور گمراہ کن معلومات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نادرا ترجمان کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے پیش نظر سوشل میڈیا پر کمنٹس کے ذریعے ٹریکنگ آئی ڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نادرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس میں اپنی ٹریکنگ آئی ڈی یا دیگر حساس معلومات ہرگز شیئر نہ کریں۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شناختی دستاویزات یا نادرا سے متعلق کسی بھی معاملے میں صرف سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے رجوع کیا جائے۔ عوام کو غیر مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس، لنکس اور پیغامات پر اعتماد نہ کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
نادرا کے مطابق ٹریکنگ آئی ڈی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری 8400 پر ایس ایم ایس سروس استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ نادرا ہیلپ لائن 051-111-786-100 یا موبائل فون سے 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ شہری نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی متعلقہ خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔
نادرا نے ایک بار پھر شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی شناخت اور ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ ذریعے سے موصول ہونے والے لنکس یا پیغامات پر کارروائی کرنے سے پہلے ان کی تصدیق ضرور کریں۔