صدرِ مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار خواجہ سرا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی نایاب علی کے لیے پاکستانی اعلیٰ ترین سول اعزاز کا اعلان کر دیا۔نایاب علی یومِ آزادی کے موقع پر جاری ہونے والی قومی اعزازات کی فہرست میں شامل ہے۔
حکومتِ پاکستان نے قومی و عالمی سطح پر خواجہ سرا افراد کے حقوق کے لیے خدمات کے اعتراف میں نایاب علی کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کر دیا۔
نایاب علی نے خواجہ سرا افراد کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور پالیسی سازی میں حکومتِ پاکستان کی معاونت کی۔ا نہوں نے اقوامِ متحدہ، کامن ویلتھ، امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ان کی کاوشوں سے خواجہ سرا افراد کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا عالمی تشخص اجاگر ہوا۔نایاب علی انسانی حقوق کی محقق اور ہارورڈ کینیڈی اسکول میں گلوبل ہیومن رائٹس فیلو رہ چکی ہیں۔
شاندار خدمات کے اعتراف میں نایاب علی کو جرمنی اور فرانس سمیت مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے متعدد بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
نایاب علی کی انتھک کاوشوں سے خواجہ سرا افراد کے لیے تعلیم، تحفظ مراکز اور روزگار کے مواقع کے فروغ میں اہم پیش رفت ہوئی۔ خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز ملنا پاکستان میں خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔نایاب علی کو ستارہ امتیاز صدر مملکت یومِ پاکستان کی باوقار تقریب میں دیں گے ۔