مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور امریکی ارب پتی بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی فیبی گیٹس کی ڈیجیٹل شاپنگ اسٹارٹ اپ کمپنی ’فیا‘ ’کوکی اسٹفنگ‘ کے الزامات کے باعث تنقید کی زد میں آگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیبی گیٹس نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی سابق ساتھی صوفیا کیانی کے ساتھ مل کر ’فیا‘ قائم کی تھی۔ کمپنی کا مقصد صارفین کو آن لائن خریداری کے دوران مختلف مصنوعات، رعایتی آفرز اور بہتر قیمتوں کی تلاش میں مدد فراہم کرنا تھا۔
’کوکی اسٹفنگ‘ کیا ہے؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’فیا‘ کے بعض فیچرز پر الزام ہے کہ وہ صارفین کے براؤزر میں ایسی کوکیز شامل کرتے تھے جن کے ذریعے کمپنی کو ان خریداریوں کا کریڈٹ اور کمیشن مل سکتا تھا، جن میں صارف کو متعلقہ اسٹور تک پہنچانے میں فیا کا براہ راست کردار نہیں تھا۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی دنیا میں اس عمل کو ’کوکی اسٹفنگ‘ کہا جاتا ہے۔ ناقدین کے مطابق اگر اس طریقے کا جان بوجھ کر غلط استعمال ثابت ہوجائے تو یہ سنگین قانونی معاملہ بن سکتا ہے۔
تاہم فیبی گیٹس کے خلاف اس حوالے سے کسی جرم یا قانونی الزام کے ثابت ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ’فیا‘ کی جانب سے ابتدائی طور پر معاملے کو تکنیکی خرابی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ مسئلے کا علم ہونے کے بعد متعلقہ فیچرز ہٹا دیے گئے۔
فیچرز ہٹائے گئے تو آمدنی میں بڑی کمی
میڈیا رپورٹس کے مطابق متنازع فیچرز ختم کیے جانے کے بعد ’فیا‘ کی یومیہ آمدنی میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ کمپنی کی آمدنی مبینہ طور پر تقریباً 80 ہزار ڈالر روزانہ سے کم ہو کر 10 ہزار سے 28 ہزار ڈالر کے درمیان رہ گئی۔
فیبی گیٹس کی کوڈنگ صلاحیت بھی زیر بحث
معاملہ صرف ’کوکی اسٹفنگ‘ کے الزامات تک محدود نہیں رہا بلکہ فیبی گیٹس کی تکنیکی مہارت پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے بعض سابق ساتھیوں نے دعویٰ کیا کہ فیبی کو ایک ماہر کوڈر کے طور پر نہیں جانا جاتا تھا۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اسٹینفورڈ سے ہیومن بائیولوجی کی تعلیم حاصل کی، جس کے لیے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم لازمی نہیں تھی۔
سابق ساتھیوں کے مطابق فیبی نے اعلیٰ سطح کے کوڈنگ کورسز بھی نہیں کیے تھے۔ جب انہوں نے صوفیا کیانی کے ساتھ ’فیا‘ شروع کرنے کا منصوبہ پیش کیا تو بعض کمپیوٹر سائنس کے طلبہ نے بھی ان کی تکنیکی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے تھے۔
بعد ازاں فیبی نے اسٹینفورڈ میں اپلائیڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انٹرپرینیورشپ سے متعلق کلاسز لیں، جنہیں ’فیا‘ کے قیام سے جوڑا جاتا ہے۔ یوں ارب پتی بل گیٹس کی بیٹی کا یہ اسٹارٹ اپ ایک طرف کاروباری کامیابی کے باعث توجہ حاصل کرتا رہا، جبکہ اب کمپنی سے متعلق سامنے آنے والے الزامات اور فیبی کی تکنیکی صلاحیتوں پر بحث نے ’فیا‘ کو ایک نئے تنازع میں لا کھڑا کیا ہے۔