سویڈن کی ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی ہارٹ ایرو اسپیس نے امریکا کے شہر نیویارک کے پلاتسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے مکمل طور پر بیٹری سے چلنے والے مظاہراتی طیارے ایکس 1 کی پہلی کامیاب پرواز مکمل کرلی۔
کمپنی کے مطابق پائلٹ کی نگرانی میں ہونے والی یہ پرواز 27 منٹ تک جاری رہی، اس دوران طیارے نے تقریباً 1100 فٹ یعنی 335 میٹر کی بلندی حاصل کی۔پرواز کے دوران طیارے کے تمام الیکٹرک سسٹمز نے ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی فراہم کی۔ طیارے کے پروں کا پھیلاؤ تقریباً 106 فٹ جبکہ اس کی لمبائی 76 فٹ ہے۔ اڑان کے وقت اس کا وزن 25 ہزار پاؤنڈ سے زیادہ تھا، جو تقریباً 11 ہزار 300 کلوگرام بنتا ہے۔
اس مظاہراتی پرواز کی سب سے حیران کن بات اس کی بجلی کی لاگت ہے۔ ہارٹ ایرو اسپیس کے مطابق X1 نے اپنی مکمل پہلی پرواز کے دوران صرف 5 ڈالر کی بجلی استعمال کی، جو تقریباً 1400 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکس 1 کو تجارتی مسافر طیارے کے طور پر تیار نہیں کیا گیا، بلکہ اسے مستقبل کے 30 نشستوں والےای ایس 30 علاقائی الیکٹرک طیارے کی ٹیکنالوجی، ایرو ڈائنامکس اور کارکردگی جانچنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ہارٹ ایرو اسپیس کا ہدف ہے کہ 2031 تک الیکٹرک مسافر طیاروں کی باقاعدہ کمرشل سروس شروع کی جائے۔ یہ کامیاب پرواز فضائی سفر میں بیٹری سے چلنے والے طیاروں کے بڑھتے ہوئے امکانات کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔