آج قلم ہماری روزمرہ زندگی کا ایک عام حصہ ہے، لیکن کبھی کاغذ پر آسانی سے لکھنے کے لیے ایسے قلم دستیاب نہیں تھے۔ بال پوائنٹ پین کی ایجاد نے نہ صرف لکھنے کو آسان بنایا بلکہ سیاہی کے پھیلنے اور قلم کے بار بار رکنے جیسے مسائل بھی کافی حد تک کم کردیے۔
خیال کہاں سے آیا؟
1888 میں امریکی موجد جان جے لاؤڈ نے ایک دلچسپ مشاہدے کی بنیاد پر ایک نئے قسم کے قلم کا تصور پیش کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ اگر ایک چھوٹی گول گیند سیاہی یا کسی گاڑھے مادے میں گھومے تو وہ جس سطح پر چلتی ہے، وہاں اپنے پیچھے ایک مسلسل نشان چھوڑ دیتی ہے۔لاؤڈ نے اسی اصول کو قلم میں استعمال کرنے کا خیال پیش کیا۔ انہوں نے قلم کی نوک پر ایک چھوٹی سی گھومنے والی اسٹیل کی گیند نصب کی۔
بال پوائنٹ پین میں موجود چھوٹی گیند بیک وقت دو کام کرتی ہے۔ جب قلم کاغذ پر چلتا ہے تو گیند گھومتی ہے۔ اس کا ایک حصہ قلم کے اندر موجود سیاہی سے رابطے میں رہتا ہے جبکہ دوسرا حصہ کاغذ کو چھوتا ہے۔ گیند کے گھومنے سے سیاہی کاغذ تک پہنچتی ہے اور قلم مسلسل لکیر بناتا جاتا ہے۔
یہی بنیادی اصول آج کے بال پوائنٹ پین میں بھی استعمال ہوتا ہے، اگرچہ جدید قلموں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اور سیاہی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہوچکی ہے۔
جان جے لاؤڈ کا ابتدائی ڈیزائن ایک اہم خیال ضرور تھا، لیکن اسے روزمرہ لکھائی کے لیے مکمل طور پر موزوں نہیں سمجھا گیا۔ اس دور میں سیاہی کی روانی، گیند کے پھنسنے اور مختلف سطحوں پر لکھنے جیسے مسائل موجود تھے۔ اسی وجہ سے بال پوائنٹ پین کو عملی اور بڑے پیمانے پر مقبول ہونے میں کئی دہائیاں لگیں۔
بعد میں مختلف موجدوں اور انجینئرز نے اس تصور پر مزید کام کیا اور ایسے قلم تیار کیے جو کاغذ پر زیادہ آسانی سے لکھ سکتے تھے اور سیاہی کو بہتر انداز میں منتقل کرتے تھے۔
روایتی قلموں میں سیاہی بہنے، پھیلنے یا زیادہ مقدار میں کاغذ پر آنے کا مسئلہ ہوسکتا تھا۔ بال پوائنٹ پین نے ایک چھوٹی سی گھومنے والی گیند کے ذریعے اس مسئلے کا نسبتاً آسان حل پیش کیا۔ بعد میں یہ قلم سستا، قابل اعتماد اور استعمال میں آسان ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہوگیا۔
آج اسکولوں، دفاتر اور گھروں میں استعمال ہونے والا عام بال پوائنٹ پین دراصل ایک ایسے سادہ خیال کی یاد دلاتا ہے جس میں ایک چھوٹی سی گیند کی گردش نے لکھنے کے پورے طریقے کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔