میٹا نے واٹس ایپ صارفین کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نیا اے آئی فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو جعلی یا مشکوک پیغامات کی نشاندہی کرکے صارف کو خبردار کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئےسک فراڈ سے خبردار کرنے والا فیچرسکام الرٹ فیچر میں ڈیوائس پر موجود مشین لرننگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو چیٹ میں فراڈ کی ممکنہ علامات کا جائزہ لے گی۔ فی الحال یہ فیچر محدود تعداد میں صارفین کے لیے بیٹا ورژن کے طور پر آزمایا جا رہا ہے۔
اگر واٹس ایپ کا سسٹم کسی گفتگو کو ممکنہ فراڈ قرار دے تو صارف کو اسی چیٹ میں ایک وارننگ دکھائی جائے گی۔ یہ وارننگ صرف اس صارف کو نظر آئے گی جسے مشکوک پیغام موصول ہوا ہے۔ وارننگ سامنے آنے کے بعد صارف کے پاس کئی آپشنز ہوں گے۔ وہ مشکوک شخص کو بلاک کرسکتا ہے، گفتگو کی رپورٹ کرسکتا ہے یا پھر وارننگ کے باوجود چیٹ جاری رکھ سکتا ہے۔
اگر سسٹم کی جانب سے غلطی سے کسی گفتگو کو مشکوک قرار دیا جائے تو صارف اسے قابلِ اعتماد بھی قرار دے سکے گا۔ میٹا کے مطابق نئے فیچر کو صارفین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ صارف جب چاہے سکام الرٹ فیچر کو بند بھی کرسکتا ہے۔
واٹس ایپ نے رواں سال اکاؤنٹس کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ایک اور اے آئی فیچر بھی متعارف کرایا تھا، جو مشکوک ڈیوائس لنکنگ درخواستوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایسے طریقوں کے ذریعے فراڈ کرنے والے افراد صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ فی الحال سکام الرٹ فیچر محدود سطح پر آزمایا جا رہا ہے، جبکہ دنیا بھر کے صارفین کے لیے اس کی دستیابی بعد میں متوقع ہے۔