سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مربوط توانائی پلان کی منظوری

سستی بجلی کی فراہمی کے لیے مربوط توانائی پلان کی منظوری

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملک کے توانائی اور بجلی کے شعبے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-2027 میں مجوزہ ترامیم پیش کی گئیں۔

کابینہ کمیٹی نے نیشنل الیکٹریسٹی پلان میں پیش کی گئی ترامیم کی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ ترامیم کے حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے مزید مشاورت بھی کی جائے۔

بجلی کی پیداوار بڑھانے پر توجہ

منظور کی گئی ترامیم میں توانائی کے شعبے کے لیے مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافے اور ترسیلی نظام کو وسعت دینے سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی کی بچت، ٹیرف ڈیزائن اور سسٹم و مارکیٹ آپریشنز کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی

توانائی پلان میں دور دراز علاقوں تک قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی پہنچانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت کا مقصد ملک کے ان علاقوں میں بھی توانائی کی ضروریات پوری کرنا ہے جہاں بجلی کی فراہمی ایک چیلنج ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ملک بھر کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع ، فی یونٹ کتنا اضافہ متوقع

سستی بجلی کی فراہمی کا منصوبہ

کابینہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔ پلان کے تحت صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب قیمت پر بجلی فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

وفاق اور صوبے بھی پلان کا حصہ

مربوط توانائی پلان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے علاوہ توانائی کے شعبے سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ حکومت کے مطابق اس کا مقصد انرجی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ بجلی اور توانائی کے شعبے میں معاشی مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کا فیصلہ

پلان کے تحت کم کاربن اخراج والی توانائی اور بجلی کی پیداوار کو فروغ دیا جائے گا،ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے توانائی کے ذرائع کو بھی ترقی دینے پر توجہ دی جائے گی۔

جدید ٹیکنالوجی اور مقامی صلاحیت پر زور

ترامیم میں ایندھن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مقامی سطح پر استعداد بڑھانے، تحقیق و ترقی اور ڈیجیٹائزیشن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ توانائی کے شعبے میں ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

بجلی اور گیس کے گردشی قرضے کا جائزہ

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے مالی سال 2025-2026 کے دوران پاور سیکٹر کے گردشی قرضے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم ڈویژن نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں سے متعلق مالی سال 2025-2026 کی رپورٹ بھی کابینہ کمیٹی کے سامنے پیش کی۔

editor

Related Articles