نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کروادی گئی

نورین نیازی کی عمران خان سے ملاقات کروادی گئی

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی کی ملاقات ہوگئی ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جس میں عمران خان کی صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، نورین نیازی نے انہیں سپریم کورٹ کے حالیہ حکم سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی اڈیالہ جیل سے روانہ ہوئیں اور داہگل ناکے کے قریب میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا،صحافیوں کے سوال پر انہوں نے صرف ملاقات ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات ہوگئی ہے۔

علیمہ اور عظمیٰ بھی ساتھ روانہ

علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان بھی نورین نیازی کی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں، اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

سپریم کورٹ کا حکم

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے قرار دیا کہ انہیں آئندہ دو روز کے اندر ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کے لیے پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ کو کیا یقین دہانیاں کرائیں؟

ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ کی شمولیت

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ میڈیکل بورڈ میں فزیشن، جنرل سرجن، اندرونی امراض کے ماہر، آنکھوں کے ماہر اور کارڈیالوجسٹ شامل ہوں،بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی ان کے طبی معائنے اور علاج کے عمل میں شریک رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ملاقاتوں اور فون کالز کی سہولت

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو اہل خانہ سے ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات اور اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، عدالت نے حکومت کو ان کے اسپتال میں قیام کے دوران مناسب سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔

صحت سے متعلق معلومات میڈیا کو دینے پر پابندی

عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت تک بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ، سیاسی جماعت کے ارکان یا ان سے وابستہ وکلا ان کی صحت کی صورتحال یا میڈیکل رپورٹس میڈیا یا عوام کے ساتھ شیئر نہیں کریں گے۔

editor

Related Articles