وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے معاملے پر تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کو پارٹی کی جانب سے مردِ آہن‘بنا کر پیش کیا جاتا رہا، آج اسی کی جماعت اسے جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی فریاد کرتی نظر آ رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد کو جیل سے نکالنے اور این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
عدالتی ریلیف پر پی ٹی آئی کا جشن
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کے ایک بانی کو عدلیہ سے غیر معمولی ریلیف ملنے پر پوری جماعت نے جس انداز میں جشن منایا، وہ اس خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر لایا جائے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے عدالتی فیصلے کو جس انداز میں پیش کیا گیا، اس سے پارٹی کے سیاسی عزائم بھی واضح ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان نے سانحہ 9 مئی پر معافی مانگ لی ،اہم دوست کے ذریعے پیغام پہنچادیا گیا،اظہر جاوید
مردِ آہن کے بیانیے پر سوال
وزیر دفاع نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ جس شخص کو تحریک انصاف کی جانب سے مردِ آہن کے طور پر پیش کیا جاتا رہا، آج اسی کی جماعت اسے جیل سے ہسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آ رہی ہے، تحریک انصاف کو اپنے سابقہ بیانیے اور موجودہ مؤقف کے درمیان موجود تضادات کا جواب دینا چاہیے۔
طبی سہولیات پر کوئی اعتراض نہیں
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے میں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، تاہم تحریک انصاف کو اپنے سیاسی بیانیے میں موجود تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے۔
یہ قدرت کا انتقام ہے
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ قدرت کا انتقام ہے، تکبر کے ہمالیہ پہاڑ سے آج مارگلہ کی پہاڑیاں بھی بلند ہیں،خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے لیے دعا بھی کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے۔ آمین۔
تحریکِ انصاف کی اپنے قائد کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ آج پی ٹی آئی کے بے شمار ’’بانیوں‘‘ میں سے ایک بانی کو معزز عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی ریلیف ملا، اور جس انداز میں پوری جماعت نے اس فیصلے پر جشن منایا، وہ اس کی اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) August 18, 2026

