پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے ،مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔
پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر اضلاع میں مون سون بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی،اٹک میں 79، لاہور ایئرپورٹ پر 65، وزیر آبادمیں 50، گوجرنوالہ اور جہلم میں 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔نارووال میں 33، منڈی بہاوالدین میں 30، گجرات میں 19، سیالکوٹ میں 11 اور مری میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمد سیف انور جپہ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری کچے اور بوسیدہ مکانات میں ہر گز رہائش پذیر نہ ہوں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر یں۔
ادھر راولپنڈی،اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں ، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی ، صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر آبادی کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نم آلود ہوائیں ملک کے وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔