ملک میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل آنے کوتیار ہے ، محکمہ موسمیات نے مختلف عللاقوں میں دوبارہ بارشوں کا امکان ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق مون سون کا موجودہ اسپیل کچھ دن مزید برقرار رہے گا، موجودہ اسپیل ختم ہونے کے بعد بارشوں میں وقفہ آئے گا، تاہم اس کے بعد دوبارہ بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں بارش، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش کا امکان
عرفان ورک نے میڈیا سے گفتگومیں بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے ، مری اور گلیات میں آج موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈی جی کے مطابق آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی دوبارہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر ملک کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نشیبی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
خیبر پختونخوا میں 21 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 21 اگست تک موسلادھار بارش متوقع ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور کوہستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں بھی بارش ہوسکتی ہے، ان علاقوں میں بارش کے باعث شہریوں کو ممکنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سندھ میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان
دوسری جانب سندھ میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم جنوبی مشرقی سندھ کے بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی،اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی۔ملک کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔