پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے سوشل میڈیا کے بعد اب فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کرلی ہے۔ وہ اپنی پہلی پاکستانی فلم میں اداکارہ امر خان کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق رجب بٹ کی ڈیبیو فلم کی ہدایت کاری سید فیصل بخاری کررہے ہیں، جبکہ فلم کی کہانی سرمد ابراہیم نے تحریر کی ہے۔ایکشن اور کامیڈی پر مبنی اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، جس میں امر خان رجب بٹ کے مقابل مرکزی کردار ادا کریں گی۔
رجب بٹ گزشتہ کئی برس سے یوٹیوب پر اپنی ویڈیوز کے باعث خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل پر تقریباً 9 ملین سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 3 ملین فالوورز موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر بڑی فین فالوئنگ رکھنے والے رجب بٹ اب اپنی مقبولیت کو فلمی دنیا میں آزمانے جارہے ہیں۔ ان کی پہلی فلم کی ریلیز اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔