پنجاب بار کونسل نے پی ٹی آئی کے سیاسی بیانیے کو مسترد کردیا،لاتعلقی کا اعلان

پنجاب بار کونسل نے پی ٹی آئی کے سیاسی بیانیے کو مسترد کردیا،لاتعلقی کا اعلان

پنجاب بار کونسل نے بعض اراکین کی جانب سے جاری حالیہ بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ چند افراد کی ذاتی رائے اور مؤقف ہے، اسے پنجاب بار کونسل، پاکستان بار کونسل یا پوری قانونی برادری کا اجتماعی مؤقف قرار نہیں دیا جاسکتا۔

پنجاب بار کونسل کے مطابق جمہوری ادارے میں چند افراد کی رائے کو اکثریت یا پورے ادارے کے اجتماعی مؤقف پر مسلط نہیں کیا جاسکتا،کونسل نے واضح کیا کہ کسی فرد یا چند اراکین کے بیان کو پوری قانونی برادری کی اجتماعی آواز قرار دینا درست نہیں۔

سیاسی مقاصد کے لیے بار کا استعمال

پنجاب بار کونسل نے کہا کہ بار کے پلیٹ فارم کو کسی فرد یا گروہ کے ذاتی، سیاسی یا جماعتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے،کونسل کے مطابق ایسے کسی بیان یا طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی جس کے ذریعے ذاتی یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بار کے اجتماعی پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے۔

زیرِ سماعت معاملات پر بیانات سے گریز

پنجاب بار کونسل نے کہا کہ زیرِ سماعت معاملات پر بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ان کے نمائندگان کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو عدالتی کارروائی، اداروں کی آزادی یا عوامی اعتماد پر اثرانداز ہوں،کونسل کے مطابق زیرِ سماعت معاملات کا فیصلہ معزز عدالتوں نے آئین اور قانون کے مطابق کرنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ حلقوں کو عدالتی عمل کے احترام کو مقدم رکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان بار کونسل کا پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے اور چند اراکین کے بیانات سے لاتعلقی کا اعلان

انتشار ی بیانات کی حوصلہ شکنی

پنجاب بار کونسل نے کہا کہ وکلاء برادری میں انتشار پیدا کرنے والے بیانات کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی،کونسل کے مطابق کسی زیرِ سماعت معاملے پر عدالتی فیصلے سے قبل کسی فریق کے حق یا مخالفت میں رائے مسلط کرنا بار کونسلز کا کردار نہیں۔

آئین اور عدلیہ کی آزادی پر یقین

پنجاب بار کونسل نے اپنے مؤقف میں کہا کہ بار کونسلز کا بنیادی کردار قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور وکلاء کے وقار کے تحفظ میں معاونت کرنا ہے،کونسل نے آئین پاکستان، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور تمام آئینی و قانونی اداروں کے احترام پر غیر متزلزل یقین کا اظہار کیا۔

سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہنے کی اپیل

پنجاب بار کونسل نے تمام وکلاء نمائندگان پر زور دیا کہ وہ ذاتی اختلافات اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر بار کے وقار، اتحاد اور ادارہ جاتی آزادی کو مقدم رکھیں،کونسل کے مطابق زیرِ سماعت معاملات میں عدالتی عمل کا احترام، غیر جانب داری اور ذمہ دارانہ طرزِ بیان ہی قانونی برادری کے شایانِ شان ہے۔

editor

Related Articles