پاکستان بار کونسل کا پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے اور چند اراکین کے بیانات سے لاتعلقی کا اعلان

پاکستان بار کونسل کا پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے اور چند اراکین کے بیانات سے لاتعلقی کا اعلان

پاکستان بار کونسل نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے اور کونسل کے بعض اراکین کی جانب سے جاری کیے گئے بیانات سے واضح طور پر لاتعلقی کا اعلان کردیا،پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے واضح کیا ہے کہ کونسل کے 23 میں سے صرف 8 اراکین کی جانب سے جاری کیا گیا بیان ان کے انفرادی خیالات کی عکاسی کرتا ہے، اسے پاکستان بار کونسل کا اجتماعی مؤقف قرار نہیں دیا جاسکتا،انہوں نے کہا کہ جمہوری اصولوں کے تحت چلنے والے ادارے میں اقلیت، اکثریت پر اپنا مؤقف مسلط نہیں کرسکتی۔

سیاسی مفادات سے بالاتر رہنے پر زور

وائس چیئرمین نے کہا کہ پاکستان بار کونسل قانونی برادری کا نمائندہ ادارہ ہے، جسے سیاسی مفادات اور ذاتی ایجنڈوں سے بالاتر رہنا چاہیے،کونسل نے 8 اراکین کی جانب سے جاری بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے واضح طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے بیان سے بھی لاتعلقی

پاکستان بار کونسل نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان سے بھی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی،کونسل کا کہنا ہے کہ مذکورہ بیانات قانونی برادری یا پاکستان بار کونسل کے اجتماعی مؤقف، پالیسی یا خیالات کی نمائندگی نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی فیملی اور پارٹی توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے،عطا تارڑ

بار پلیٹ فارمز کے سیاسی استعمال کی مخالفت

پاکستان بار کونسل نے کہا کہ بار نمائندوں کو ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے بار کے پلیٹ فارمز استعمال نہیں کرنے چاہئیں،کونسل کے مطابق ادارے کے پلیٹ فارمز کو قانونی برادری کے اجتماعی مفادات اور آئینی و قانونی اصولوں کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

آئین اور عدلیہ کی آزادی پر یقین

عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان بار کونسل قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی اور آئینی اداروں کے تقدس پر مکمل یقین رکھتی ہے،انہوں نے کہا کہ تمام اراکین سے بنیادی آئینی اور جمہوری اصولوں کے احترام کی توقع کی جاتی ہے، جبکہ پاکستان بار کونسل کے وقار اور ادارہ جاتی خودمختاری کا تحفظ تمام اراکین کی ذمہ داری ہے۔

editor

Related Articles