اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں آج رات بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں آج رات بارش کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

  محکمہ موسمیات نے آج رات اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

اتوار کو بھی بارش متوقع

محکمہ موسمیات کے مطابق کل اتوار کو پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حبس ، گرمی یا پھر بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی آگئی

اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے آگاہ کیا ہے،شہریوں کو بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری آمدورفت متاثر ہونے کے امکان کے پیش نظر احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،متعلقہ علاقوں میں مسافروں اور مقامی آبادی کو موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

editor

Related Articles