چیٹ جی پی ٹی میں صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے حساس گفتگو کو پن کوڈ یا فنگر پرنٹ کی مدد سے لاک کیا جا سکے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی اینڈرائیڈ ایپ میں’’لاک چیٹس‘‘ اور ’’پروٹیکٹ چیٹس‘‘ سے متعلق حوالہ جات سامنے آئے ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوپن اے آئی صارفین کو مخصوص چیٹس کے لیے اضافی سیکیورٹی فراہم کرنے کی سہولت پر کام کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسی چیٹ کو لاک کرنے کے بعد اس کا عنوان اور مواد سائیڈ بار، چیٹ ہسٹری اور سرچ نتائج میں بھی ظاہر نہیں ہوگا۔ اس طرح حساس معلومات پر مشتمل گفتگو کو غیر مجاز رسائی اور دوسروں کی نظروں سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے گی۔
چیٹ جی پی ٹی میں پہلے ہی ٹیمپریری چیٹ کا آپشن موجود ہے، جس کے ذریعے نئی گفتگو کو چیٹ ہسٹری سے الگ رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم مجوزہ ’’ لاک چیٹس‘‘ فیچر کا مقصد حساس گفتگو کو محفوظ رکھتے ہوئے اس تک رسائی کو محدود کرنا ہوگا۔
تاہم اس ممکنہ فیچر کے حوالے سے ابھی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ لاک کی گئی چیٹس پر چیٹ جی پی ٹی کے میموری اور ری کال فیچرز کس انداز میں کام کریں گے۔
اسی طرح اوپن اے آئی نے تاحال یہ اعلان نہیں کیا کہ’’لاک چیٹس‘‘ فیچر صارفین کے لیے باضابطہ طور پر کب دستیاب ہوگا۔ فیچر کی موجودگی اور حتمی طریقہ کار بھی اس کے باضابطہ اجرا تک تبدیل ہو سکتا ہے۔