وفاقی حکومت نے پاور ڈویژن کے گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرکے اس کے متبادل کے طور پر فی یونٹ 30 روپے کی ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے انتظام کے تحت افسران کو پہلے ملنے والے مفت بجلی کے یونٹس کے بجائے مقررہ رقم ادا کی جائے گی۔ نظرثانی شدہ طریقہ کار کے تحت گریڈ 17 کے افسران کو 450 یونٹس کے عوض ماہانہ 15,858 روپے، جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے بدلے 21,990 روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسران کو سابقہ 880 مفت یونٹس کے بجائے 37,594 روپے، گریڈ 20 کے افسران کو 1,100 یونٹس کے متبادل کے طور پر 46,992 روپے جبکہ گریڈ 21 کے افسران کو 55,536 روپے ادا کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ مفت بجلی کی فراہمی ختم کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن نے مفت بجلی کی سہولت باضابطہ طور پر ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
اس سے قبل پاور ڈویژن کے اہل افسران کو مقررہ تعداد میں بجلی کے یونٹس بلا معاوضہ فراہم کیے جاتے تھے۔ نئے نظام کے تحت اس سہولت کو نقد ادائیگی کے طریقہ کار سے تبدیل کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گریڈ 17 سے 21 تک کے افسران کو ان کے متعلقہ کوٹے کے مطابق رقم ادا کی جائے گی۔