تصور کریں کہ آپ کسی ایسے پہاڑی علاقے میں موجود ہیں جہاں موبائل کا ایک بھی سگنل نہیں، اچانک آپ کا عام اسمارٹ فون خلا میں موجود سیٹلائٹ سے رابطہ قائم کرلے ، نہ کسی خصوصی سیٹلائٹ فون کی ضرورت ہو اور نہ ہی ڈش یا اضافی ڈیوائس کی، ڈائریکٹ ٹو سیل (D2C) ٹیکنالوجی اسی مستقبل کو حقیقت کے قریب لے جارہی ہے، جو موبائل کنیکٹیویٹی کا پورا تصور بدل سکتی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی ایسے علاقوں میں بھی رابطے کی سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جہاں موبائل ٹاورز موجود نہیں، اسی طرح قدرتی آفات یا کسی ہنگامی صورتحال میں زمینی موبائل نیٹ ورک ناکام ہوجائے تو سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی ایک متبادل رابطہ فراہم کرسکتی ہے۔
عام اسمارٹ فون براہِ راست سیٹلائٹ سے کیسے جڑے گا؟
ڈائریکٹ ٹو سیل ٹیکنالوجی کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے صارف کو الگ سیٹلائٹ فون، ڈش یا کوئی اضافی ہارڈویئر رکھنے کی ضرورت نہیں، مطابقت رکھنے والا عام موبائل فون، سیلولر سگنل ختم ہونے پر سیٹلائٹ سے رابطہ قائم کرسکتا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکسٹ میسجز، ہنگامی اطلاعات، لوکیشن شیئرنگ، بنیادی نیویگیشن اور محدود میسجنگ جیسی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم ابھی یہ نظام ویڈیو اسٹریمنگ، آن لائن گیمنگ، بڑی فائلز ڈاؤن لوڈ کرنے یا بہت زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے کے لیے روایتی موبائل نیٹ ورک کا متبادل نہیں۔
یعنی مستقبل قریب میں سیٹلائٹ موبائل نیٹ ورک کی جگہ مکمل طور پر نہیں لیں گے بلکہ دونوں ٹیکنالوجیز ایک دوسرے کی مدد کریں گی۔
ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے نئی راہ
اب تک دور دراز علاقوں میں موبائل کوریج پہنچانے کے لیے نئے ٹاورز تعمیر کرنا بنیادی حل رہا ہے لیکن پہاڑی علاقوں، جزائر، جنگلات اور سمندری خطوں میں ٹاورز لگانا انتہائی مہنگا کام ہے۔
مزید یہ کہ جہاں صارفین کی تعداد کم ہو، وہاں کمپنیوں کے لیے اس سرمایہ کاری سے مناسب مالی فائدہ حاصل کرنا بھی مشکل ہوتا ہے، سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی نے اس صورتحال میں ایک نئی راہ ہموار کردی ہے جہاں موبائل کمپنیاں مشکل علاقوں میں نیا انفرااسٹرکچر بنانے کے بجائے سیٹلائٹ نیٹ ورک سے کوریج حاصل کرسکتی ہیں۔
اس تبدیلی کے نتیجے میں ٹیلی کام آپریٹرز اور سیٹلائٹ کمپنیوں کے درمیان تعلق بھی مزید اہم ہوسکتا ہے جیسے جیسے صارفین سیٹلائٹ کوریج کو موبائل سروس کا مستقل حصہ سمجھیں گے، سیٹلائٹ نیٹ ورک کے مالکان کی اہمیت بھی بڑھ سکتی ہے۔
چین بھی سیٹلائٹ ٹو فون ٹیکنالوجی کی دوڑ میں شامل
یہ مقابلہ صرف اسٹارلنک تک محدود نہیں رہا۔ چین بھی ڈائریکٹ ٹو سیل ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کررہا ہے۔
چینی کمپنی اسپیس سیل (Spacesail) لو ارتھ آربٹ یعنی LEO سیٹلائٹس کے ذریعے عام اسمارٹ فونز کو براہِ راست سیٹلائٹ نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ٹیکنالوجی تیار کررہی ہے۔
دوسری جانب چین میں ہواوے اور شیاؤمی کے بعض فونز پہلے ہی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کی سہولت فراہم کرتے ہیں تاہم ان میں روایتی جیو اسٹیشنری سیٹلائٹس کا استعمال ہوتا ہے، جو زمین سے تقریباً 36 ہزار کلومیٹر کی بلندی پر موجود ہوتے ہیں۔
اس کے برعکس LEO سیٹلائٹس زمین کے زیادہ قریب گردش کرتے ہیں، اسی لیے عام موبائل فون کے ساتھ براہِ راست رابطے کو نسبتاً زیادہ عملی بنانے میں یہ ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
جاپان بھی آگے
جاپان نے بھی سیٹلائٹ ٹو فون سروسز کے میدان میں پیش رفت سامنے آئی ہے اور وہاں بڑی ٹیلی کام کمپنیاں سیٹلائٹ میسجنگ اور ڈائریکٹ ٹو ڈیوائس سروسز متعارف کرارہی ہیں۔
ان سروسز کا بنیادی مقصد ایسے علاقوں میں رابطہ برقرار رکھنا ہے جہاں روایتی موبائل نیٹ ورک کمزور یا غیر موجود ہو ، پہاڑی علاقوں، جنگلات، سمندری حدود اور قدرتی آفات کے دوران یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر اہم ثابت ہوسکتی ہے، یہ ضرورت اس لیے بھی اہم ہے کہ کسی ملک کی بڑی آبادی کو موبائل کوریج حاصل ہونے کے باوجود اس کا وسیع جغرافیائی حصہ روایتی نیٹ ورک سے باہر ہوسکتا ہے۔
ایپل اور سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی میں بڑی پیش رفت
سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی اب صرف ٹیلی کام کمپنیوں تک محدود نہیں رہی۔ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی اس شعبے میں اپنی موجودگی مضبوط کررہی ہیں ، ایپل نے 2024 میں سیٹلائٹ آپریٹر گلوبل اسٹار میں 20 فیصد حصص حاصل کیے تھے اور آئی فون کے لیے سیٹلائٹ سروسز کو وسعت دینے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں 2026 میں ایمازون نے گلوبل اسٹار کو حاصل کرنے کے لیے معاہدہ کیا، جبکہ ایپل کی سیٹلائٹ سروسز جاری رکھنے کے حوالے سے بھی انتظامات کیے گئے۔ یہ پیش رفت واضح کرتی ہے کہ سیٹلائٹ کمیونیکیشن اب عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے بھی ایک اہم اسٹریٹجک میدان بن چکی ہے۔
کیا سیٹلائٹ فائیوجی ٹیکنالوجی کی جگہ لے گی؟
اگرچہ سیٹلائٹ موبائل ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے، لیکن اس کی اپنی حدود بھی ہیں یعنی ایک سیٹلائٹ کو وسیع علاقے میں دستیاب محدود بینڈوڈتھ کئی صارفین کے درمیان تقسیم کرنا پڑتی ہے۔
اس کے برعکس زمینی موبائل ٹاورز مقامی سطح پر اسپیکٹرم کو دوبارہ استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ بڑی تعداد میں صارفین کو زیادہ رفتار سے ڈیٹا فراہم کرسکتے ہیں۔
اسی طرح عمارتوں کی موٹی دیواریں اور چھتیں بھی سیٹلائٹ سگنلز کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ چنانچہ بڑے شہروں میں فائبر، 5G اور روایتی موبائل ٹاورز مستقبل قریب میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سیکیورٹی چیلنج
سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے بڑھتے استعمال کے ساتھ سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا کے تحفظ کے سوالات بھی اہم ہوتے جارہے ہیں، کچھ سیکیورٹی ماہرین نے سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹمز میں غیر خفیہ شدہ ڈیٹا کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی ہے، اسی وجہ سے کمپنیاں انکرپشن اور دیگر سیکیورٹی نظام بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔
مستقبل میں سیٹلائٹ نیٹ ورکس جتنا وسیع ہوں گے، صارفین کے ڈیٹا، حساس مواصلات اور نیٹ ورک سیکیورٹی کا تحفظ اتنا ہی اہم ہوجائے گا۔
مستقبل کا موبائل نیٹ ورک کیسا ؟
ماہرین کے مطابق مستقبل کا موبائل نیٹ ورک صرف ٹاورز، فائبر اور 5G تک محدود نہیں رہے گا۔ اس میں زمینی اور خلائی نیٹ ورکس ایک ساتھ کام کریں گے۔
گنجان آباد شہروں میں فائبر اور موبائل ٹاورز زیادہ تر ڈیٹا ٹریفک سنبھالیں گے، جبکہ دور دراز علاقوں، سمندری راستوں، پہاڑی خطوں اور قدرتی آفات کے دوران سیٹلائٹس اہم کردار ادا کریں گے۔
اس تبدیلی کے ساتھ ٹیلی کام کمپنیوں کے سامنے ایک نیا سوال بھی کھڑا ہوگا: کیا سیٹلائٹ کوریج محض ایک اضافی سروس رہے گی یا اسے موبائل نیٹ ورک کے بنیادی انفرااسٹرکچر کا حصہ بنا دیا جائے گا؟
کیونکہ جیسے جیسے عام موبائل فون خلا میں موجود سیٹلائٹس سے رابطہ قائم کرنے کے قابل ہوتے جائیں گے، اصل مقابلہ صرف کوریج بڑھانے کا نہیں ہوگا ، اہم سوال یہ بھی ہوگا کہ سیٹلائٹ اور صارف کے درمیان رابطے کو کون کنٹرول کرتا ہے اور اس سروس کی قیمت کون طے کرتا ہے ، ممکن ہے کہ آنے والے برسوں میں موبائل فون استعمال کرنے کا تجربہ ہی بدل جائے، جہاں سگنل نہ ہونے کا مسئلہ ماضی کی یاد بن کر رہ جائے۔