ملک کے مختلف شہروں میں گندم کے آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ملک میں سب سے مہنگا ہوگیا ہے۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 133.33 روپے میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ راولپنڈی میں اس کی قیمت 3 ہزار 93.33 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایک ہفتے میں 100 روپے اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق بعض شہروں میں صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ہوا،خضدار میں آٹے کی قیمت میں ہفتہ وار سب سے زیادہ 100 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بہاولپور میں قیمت 60 روپے جبکہ حیدرآباد میں 40 روپے بڑھی۔
دیگر شہروں میں بھی قیمتیں بڑھ گئیں
لاڑکانہ اور کوئٹہ میں بھی 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20، 20 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا،موجودہ قیمتوں کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹا 2 ہزار 700 روپے، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے جبکہ پشاور میں 3 ہزار 100 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی ہے، حیدرآباد میں یہ تھیلا 2 ہزار 880 روپے، لاڑکانہ میں 2 ہزار 620 روپے اور سکھر میں 2 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہے۔
پنجاب کے شہروں میں صورتحال
گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 800 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ لاہور میں یہی تھیلا نسبتاً کم قیمت یعنی 2 ہزار 300 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں فرق موجود ہے، جبکہ بعض شہروں میں حالیہ ہفتے کے دوران قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے لیے روزمرہ اخراجات کا دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔