آٹے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک اضافہ

آٹے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک اضافہ

ملک میں مہنگائی کی لہر کے باعث آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، جس سے شہریوں کے لیے روزمرہ استعمال کی بنیادی خوراک خریدنا مزید مشکل ہوگیا ہے، ادارہ شماریات کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک بڑھ گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہورہا ہے، جہاں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 3133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3093 روپے 33 پیسے تک میں دستیاب ہے۔

مختلف شہروں میں قیمتوں میں اضافہ

ادارہ شماریات کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بہاولپور میں آٹا 60 روپے تک مہنگا ہوا، جبکہ حیدرآباد میں قیمت میں 40 روپے تک اضافہ ہوا۔

لاڑکانہ اور کوئٹہ میں بھی آٹے کی قیمت میں 20، 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اضافے کے بعد کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2700 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

پشاور اور بنوں میں قیمت

رپورٹ کے مطابق بنوں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ پشاور میں شہریوں کو یہی مقدار 3100 روپے تک میں خریدنا پڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی کا نیا وار ، آٹا، دودھ، گوشت اور روزمرہ اشیا کی قیمتیں بے قابو

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے کم آمدن والے طبقے کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، کیونکہ آٹا پاکستانی گھروں میں روزانہ استعمال ہونے والی بنیادی غذائی اشیا میں شامل ہے۔

مختلف شہروں میں قیمتوں کے نمایاں فرق سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں یکساں نہیں رہیں اور مقامی مارکیٹ کے حالات کے مطابق صارفین کو مختلف نرخوں کا سامنا ہے۔

editor

Related Articles