انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پیش آنے والے واقعے پر بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال اور سری لنکن فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دونوں پر میچ فیس کا 25، 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ دونوں کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو میچ کے دوران کسی کھلاڑی، آفیشل، امپائر، میچ ریفری یا دیگر فرد سے نامناسب جسمانی رابطے سے متعلق ہے۔
واقعہ بھارت کی اننگز کے 17ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب اسیتھا فرنینڈو نے یشسوی جیسوال کو آؤٹ کیا۔ جیسوال آؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہوئے، تاہم کچھ دیر بعد اپنا رخ تبدیل کرکے فرنینڈو کی طرف بڑھے اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔؎
یہ بھی پڑھیں: ایشین کرکٹ کونسل انتخابات میں پاکستان کی تاریخی فتح، بھارت کو بری شکست
آئی سی سی کے مطابق اس دوران فرنینڈو نے جیسوال کی جانب اپنا سر کیا، جس پر بھارتی بیٹر بھی آگے کی جانب جھکے اور دونوں کے سروں کا آپس میں ٹکراؤ ہوگیا۔ ٹی وی فوٹیج میں بظاہر جیسوال کو جسمانی رابطے کی جانب پہل کرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم فرنینڈو بھی اس موقع پر پیچھے نہیں ہٹے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی کے مطابق گزشتہ 24 ماہ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے خلاف ایسی کوئی خلاف ورزی ریکارڈ نہیں ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہو۔
India batter Yashasvi Jaiswal and Sri Lanka bowler Asitha Fernando were fined 25% of their match fee and handed one demerit point for inappropriate physical contact during the second World Test Championship Test in Colombo: ICC pic.twitter.com/cEzVeyEUir
— Sri Lanka Tweet 🇱🇰 (@SriLankaTweet) August 24, 2026

