بھارت کی ریاست کرناٹک کے شہر منڈیا میں ایک بزرگ خاتون کے انتقال کے بعد اس کے گھر سے بھاری رقم برآمد ہونے پر اہل علاقہ حیران رہ گئے۔
خاتون کی شناخت حور کے نام سے ہوئی ہے، جو منڈیا کے گٹالو لے آؤٹ میں رہائش پذیر تھی اور کئی برس سے ایک مقامی مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔
مقامی افراد کے مطابق حور اکثر شکایت کرتی تھی کہ اس کے گھر والے اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کرتے، جس کے باعث اسے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے لوگوں سے مدد مانگنا پڑتی تھی۔
خاتون کے انتقال کے بعد جب گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں نوٹوں اور سکوں سے بھری بوریاں برآمد ہوئیں۔ رقم گننے پر 30 لاکھ بھارتی روپے سے زائد رقم سامنے آئی، جو پاکستانی کرنسی میں 87 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گھر سے ملنے والی مجموعی رقم 30 سے 40 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان ہوسکتی ہے، تاہم حتمی رقم کی تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے کی جانی ہے۔
برسوں تک مسجد کے باہر بیٹھ کر بھیک مانگنے والی خاتون کے پاس لاکھوں روپے موجود ہونے کا انکشاف علاقے میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اب یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ حور نے یہ خطیر رقم کب اور کیسے جمع کی، اور طویل عرصے تک اسے کہاں محفوظ رکھا۔ واقعے نے مقامی لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔