چین میں 63 سالہ شخص کی 26 سالہ وفاداری اور انتظار کی حیران کن داستان اس وقت سامنے آئی جب وہ طویل عرصے بعد اپنے خاندان سے دوبارہ ملنے میں کامیاب ہوگیا۔
چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والے لی گیو یو نے 1987 میں 24 سال کی عمر میں بہتر روزگار کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑا اور صوبہ گوانگ ڈونگ منتقل ہوگئے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کا اپنے 2 بھائیوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ 1997 میں وہ ایک مرتبہ آبائی علاقے واپس بھی آئے، تاہم بھائیوں سے ملاقات نہ ہوسکی کیونکہ وہ اس وقت کہیں اور کام کر رہے تھے۔
لی گیو یو نے خاندان کے لیے ایک فون نمبر بھی چھوڑا، جس پر اہلخانہ نے برسوں رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر کامیابی نہ مل سکی۔ 1998 میں لی گیو یو صوبہ ہیلونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن پہنچے، جہاں ان کی ملاقات ہوٹل کی مالکن لین سے ہوئی۔ لین نے انہیں ملازمت دی، تاہم3 سال بعد ہوٹل بند ہوگیا۔
بعد ازاں لین نے لی گیو یو کو ایک پہاڑی علاقے میں واقع گھر کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپ دی اور کہا کہ وہ جلد ان سے رابطہ کرکے انہیں گھر جانے کی اجازت دیں گی۔ مگر حالات کچھ ایسے بدلے کہ یہ وعدہ 26 سال تک پورا نہ ہوسکا۔ لین بیجنگ اور روس میں اپنے کاروبار میں مصروف رہیں، جبکہ لی گیو یو اسی پہاڑی گھر کی دیکھ بھال کرتے رہے۔
مئی 2026 میں لین جب گھر فروخت کرنے کی غرض سے وہاں پہنچیں تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئیں کہ لی گیو یو اب بھی وہیں موجود تھے اور برسوں پہلے دی گئی ذمہ داری پوری کر رہے تھے۔ لین نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ لی گیو یو اتنے طویل عرصے تک وہاں رہیں گے، تاہم ان کے ایک جملے نے انہیں برسوں تک اسی گھر سے جوڑے رکھا۔
اس دوران لی گیو یو نے انتہائی سادہ زندگی گزاری۔ وہ خود مکئی اگاتے، مویشیوں کی دیکھ بھال کرتے اور مچھلیاں پکڑ کر گزر بسر کرتے رہے۔ قریبی دکانیں بھی ان کے گھر سے تقریباً 3 کلومیٹر دور تھیں۔ مسائل صرف تنہائی تک محدود نہیں تھے۔ ان کا شناختی کارڈ 2005 میں ختم ہوچکا تھا اور نئے شناختی کارڈ کے لیے آبائی علاقے واپس جانا ضروری تھا، مگر ان کے پاس سفر کے اخراجات بھی نہیں تھے۔
لین سے 25 سال بعد دوبارہ ملاقات کے دوران لی گیو یو نے اپنے بھائیوں سے ملنے اور آبائی گھر واپس جانے کی خواہش ظاہر کی۔ چونکہ شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث وہ ٹرین یا ہوائی جہاز کا ٹکٹ نہیں خرید سکتے تھے، اس لیے لین نے پولیس سے رابطہ کیا۔ حکام کی مدد سے ان کے لیے ٹرین کا انتظام کیا گیا۔
تقریباً 40 گھنٹے کے طویل سفر کے بعد لی گیو یو چونگ چنگ پہنچے، جہاں پولیس اہلکاروں اور حکومتی عملے نے ان کا استقبال کیا اور انہیں آبائی علاقے تک پہنچایا۔ بالآخر لی گیو یو اپنے بھائیوں سے ملنے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں وہ اپنے آبائی قصبے پہنچے، جہاں لین بھی ان کے ہمراہ تھیں اور ان کا نیا شناختی کارڈ بھی بنوا دیا گیا۔
یوں 26 سال تک ایک پہاڑی گھر کی خاموشی میں زندگی گزارنے والے لی گیو یو کی اپنے خاندان تک واپسی ممکن ہوگئی۔