اسمارٹ فون کی مضبوطی جانچنے کے لیے ایک منفرد اور حیران کن تجربہ کیا گیا، جس میں فون کو 30 ہزار میٹر سے زائد بلندی پر لے جانے کے بعد زمین پر گرا دیا گیا۔
موبائل فون کے حفاظتی کیس بنانے والی کمپنی رائنو شیلڈ نے گینیز ورلڈ ریکارڈز کے اشتراک سے یہ تجربہ کیا۔ فون کو خصوصی پروٹیکٹیو کیس اور اسکرین پروٹیکٹر میں بند کرکے ویدر بیلون کے ذریعے اسٹریٹاسفیئر تک پہنچایا گیا۔
اتنی بلندی پر فون کو انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی کم اور ہوا کا دباؤ انتہائی کم تھا۔ بلندی سے چھوڑے جانے کے بعد فون تیز رفتاری سے زمین کی جانب گرا، تاہم حیران کن طور پر زمین پر پہنچنے کے بعد بھی فون محفوظ رہا۔
ٹیم کے مطابق فون کا ڈسپلے اور کیمرہ درست حالت میں تھے جبکہ ڈیوائس مکمل طور پر کام کر رہی تھی۔ یہ تجربہ اسمارٹ فون کی حفاظتی کیسنگ کی مضبوطی جانچنے کے لیے کیا گیا، جس نے انتہائی بلند بلندی سے گرنے کے باوجود فون کو نقصان سے بچائے رکھا۔