فاسٹ اینڈ فیوریس جیسی واردات، چلتے ٹرک سے 105 کلو چکن چوری

فاسٹ اینڈ فیوریس جیسی واردات، چلتے ٹرک سے 105 کلو چکن چوری

مصر میں چلتے ہوئے تیز رفتار ٹرک سے فلمی انداز میں چکن چوری کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

عرب میڈیا کے مطابق چوروں نے قاہرہ کی ایک شاہراہ پر تیز رفتاری سے سفر کرنے والے ٹرک کو نشانہ بنایا اور اس سے 105 کلو گرام چکن چوری کرلیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ملزمان انتہائی خطرناک انداز میں چلتے ہوئے ٹرک سے چکن کے ڈبے نکال کر ساتھ چلنے والی پک اپ گاڑی میں منتقل کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ایک وعدہ، 26 سال کا انتظار، 63 سالہ شخص کی حیران کن داستان

ٹرک ڈرائیور کے مطابق گاڑی ایک فیکٹری سے تقریباً 4 ٹن چکن لے کر جا رہی تھی، تاہم اسے دوران سفر چوری کا علم نہ ہوسکا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ 105 کلو گرام چکن غائب ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس حیران کن واردات کو فلمی ڈکیتی قرار دیتے ہوئے اس کا موازنہ مشہور فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیوریس کے مناظر سے کیا۔

مصری وزارت داخلہ کے مطابق تحقیقات کے بعد واردات میں ملوث 6 مشتبہ افراد کی شناخت کرلی گئی، جن کا  سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود تھا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 ملزمان مارے گئے جبکہ 3 دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔

editor

Related Articles