کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد

کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور دیگر افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں شہر میں کھلے خشک دودھ کی فروخت اور اس کے ممکنہ مضر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھلے خشک دودھ کے پیکٹ یا ڈبے پر ایکسپائری تاریخ، اجزا اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جس کے باعث غیر محفوظ یا ناقص دودھ کا استعمال خصوصاً بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

انتظامیہ نے شہر بھر کے تمام دکانداروں کو کھلا خشک دودھ فروخت کرنے سے فوری طور پر گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دکان یا گودام سے کھلا خشک دودھ برآمد ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار پر تشویش، 491 میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار

ضلعی انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ متعلقہ دکان یا گودام سیل کردیا جائے گا۔

میڈیکل اسٹورز پر بھی کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں میڈیکل اسٹورز کی کڑی نگرانی اور چیکنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کارروائیوں کے لیے فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے خشک دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کریں گی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی دکاندار یا فرد کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles