پمز میں نومولود کی جان بچانے والی نرس کیلئے چینی کمپنی کا انعام کا اعلان

پمز میں نومولود کی جان بچانے والی نرس کیلئے چینی کمپنی کا انعام کا اعلان

  پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کو چینی کمپنی کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام دے دیا گیا۔

بہادری پر 10 لاکھ روپے کا انعام

چینی کمپنی کی چیئرپرسن یان جن نے نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور انہیں بہادری کے اعتراف میں 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نرس کی جرات اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایک جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف

یان جن کا کہنا تھا کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ رضیہ نورین نے مشکل اور انتہائی خطرناک صورتحال میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومولود کی زندگی بچائی، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔

وزیراعظم بھی ایک کروڑ روپے دے چکے

اس سے قبل 3 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف سے نرس رضیہ نورین نے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم نے ان کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں :نرسنگ کالج حیات آباد کی انکوائری مکمل،کمیٹی نے رپورٹ جمع کرادی

وزیراعظم نے اس موقع پر 23 مارچ کو رضیہ نورین کو تمغۂ خدمت دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نرس کی ہمت اور جذبے کی معترف ہے۔

پمز آتشزدگی میں 14 بچے جاں بحق

خیال رہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران دھواں پھیلنے سے 14 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے کے وقت انکیوبیٹرز میں 15 نومولود موجود تھے۔

نرس رضیہ نورین نے آگ اور دھویں کے باوجود اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک نومولود کو محفوظ مقام تک پہنچایا اور اس کی جان بچانے میں کامیاب رہیں۔

بہادری کو قومی سطح پر پذیرائی

رضیہ نورین کی جانب سے خطرناک حالات میں نومولود کو بچانے کی کوشش کو قومی سطح پر سراہا گیا۔ ان کی بہادری کے اعتراف میں حکومت اور نجی شعبے کی جانب سے انعامات اور اعزازات کا اعلان کیا گیا ہے۔

editor

Related Articles