خوبصورت بننے کا شوق جان لیوا ثابت ہوا، 27 سالہ انفلوئنسر چل بسیں

خوبصورت بننے کا شوق جان لیوا ثابت ہوا، 27 سالہ  انفلوئنسر چل بسیں

فن لینڈ کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اولیویا اوراس 27 برس کی عمر میں کاسمیٹک طریقۂ کار کے دوران پیچیدگیوں کے باعث انتقال کرگئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اولیویا ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار کروا رہی تھیں، جہاں انہیں بے ہوشی کی دوا دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دوا دینے کے بعد انہیں دوبارہ ہوش نہیں آیا اور ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی۔ حالت بگڑنے پر اولیویا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

اولیویا کے والدین ریجو اوراس اور جوہانا اوراس نے بھی بیٹی کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔ والدین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ کاسمیٹک طریقۂ کار کے دوران کلینک کے عملے سے کوئی سنگین غلطی ہوئی، جس کے باعث ان کی بیٹی کی حالت بگڑی۔

یہ بھی پڑھیں:حنا دلپذیر کو کام کیوں نہیں مل رہا؟ اداکارہ نے اہم وجہ بتادی

تاہم حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ اور کسی ممکنہ غفلت کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔ ہیلسنکی پولیس کے مطابق اولیویا کی موت کے تین روز بعد واقعے کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ممکنہ جرم اور طبی غفلت سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔ اولیویا اوراس نے کم عمری میں ہی سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے 14 برس کی عمر میں انسٹاگرام پر مواد شیئر کرنا شروع کیا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور وہ فن لینڈ کی نمایاں سوشل میڈیا شخصیات میں شمار ہونے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں:10 سالہ شوبز سفر مکمل، ہانیہ عامر کا راکھی ساونت کے ساتھ سرپرائز

2016 میں ان کی زندگی پر ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بھی ریلیز ہوئی، جس نے انہیں مزید شہرت دلائی۔ بعد ازاں اولیویا نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کردیا اور 2017 میں ایمسٹرڈیم منتقل ہوگئیں۔ فن لینڈ واپسی کے بعد انہیں زندگی کے ایک مشکل دور کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ شدید ذہنی دباؤ اور نیند کی ادویات اور شراب کے استعمال سے متعلق مسائل کا شکار رہیں، تاہم انہوں نے علاج کے ذریعے اپنی زندگی دوبارہ معمول پر لانے کی کوشش کی۔

کم عمری میں شہرت حاصل کرنے والی اولیویا کی اچانک موت نے ایک بار پھر کاسمیٹک طریقۂ کار کے دوران طبی نگرانی، بے ہوشی کی دوا کے استعمال اور مریضوں کی حفاظت سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔

editor

Related Articles