نیا آئی فون چھوڑیں، اسی بجٹ میں گاڑی لے لیں! پاکستانیوں کیلئے 5 آپشنز سامنے آگئے

نیا آئی فون چھوڑیں، اسی بجٹ میں گاڑی لے لیں! پاکستانیوں کیلئے 5 آپشنز سامنے آگئے

عام طور پر مہنگا فلیگ شپ فون اور استعمال شدہ گاڑی ایک دوسرے سے بالکل مختلف چیزیں سمجھی جاتی ہیں لیکن اب یہاں معاملہ قدرے مختلف نظر آتا ہے ۔ 

جی ہاں حال ہی میں ایپل نے  نئے iPhone Duo متعارف کروایا ہے جس کی قیمت امریکا میں  1,999 ڈالر ہے، جبکہ 2TB اسٹوریج والا مہنگا ترین ماڈل 3,199 ڈالر میں دستیاب ہے۔

پاکستان میں اس فون کی باضابطہ قیمت ابھی سامنے نہیں آئی، تاہم اگر تقریباً 10 لاکھ روپے کے بجٹ کو دیکھا جائے تو پاکستان کی استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں کئی دلچسپ آپشنز موجود ہیں۔

 سوزوکی مہران، سب سے آسان آپشن

تقریباً 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں سوزوکی مہران آسانی سے مل سکتی ہے،  2008 سے 2010 کے کئی ماڈلز اس قیمت کے آس پاس دستیاب ہیں، جبکہ بعض 2015 ماڈلز بھی بجٹ کی بالائی حد کے قریب نظر آتے ہیں۔

مہران کی سب سے بڑی خوبی اس کی سادگی ہے کیونکہ اس کے پرزے آسانی سے مل جاتے ہیں اور تقریباً ہر جگہ اس کے مکینک بھی دستیاب ہیں۔

تاہم آرام اور جدید سہولیات کے معاملے میں یہ گاڑی کافی بنیادی ہے، یہ گاڑی ان لوگوں کیلئے بہترین انتخاب ہوسکتی ہے جو کم خرچ اور آسان مرمت والی گاڑی چاہتے ہیں

 ہنڈائی سینٹرو، چھوٹی مگر آرام دہ گاڑی

ہنڈائی سینٹرو بھی اس بجٹ میں قابل غور آپشن ہے ، پرانے ماڈلز تقریباً 10 لاکھ روپے کے قریب مل سکتے ہیں، تاہم صاف ستھری اور بعد کے ماڈلز کی قیمت زیادہ ہوسکتی ہے۔

مہران کے مقابلے میں سینٹرو زیادہ آرام دہ اور فیملی استعمال کیلئے بہتر گاڑی ہے۔

خریداری سے پہلے انجن، اے سی، سسپنشن، اسٹیئرنگ اور گاڑی کے کولنگ سسٹم کو ضرور چیک کرنا چاہیے۔

چھوٹی گاڑی میں نسبتاً زیادہ آرام چاہنے والوں کیلئے اچھی آپشن ہے ۔

 سوزوکی کلٹس، روزمرہ استعمال کیلئے مضبوط آپشن

تقریباً 2007 سے 2010 تک کی سوزوکی کلٹس VXRi بعض اوقات 10 لاکھ روپے کے آس پاس مل سکتی ہے، تاہم اچھی حالت والی گاڑی کی قیمت زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

کلٹس میں مناسب جگہ، پرزوں کی آسان دستیابی اور روزمرہ استعمال کیلئے بہتر سہولیات مل جاتی ہیں، اسی لیے یہ اس بجٹ میں متوازن انتخاب بن سکتی ہے۔

 فیملی اور روزانہ کے استعمال کیلئے بہترین انتخاب ہے۔

ہونڈا سِوک، کم قیمت میں بڑی گاڑی

اگر آپ 10 لاکھ روپے کے قریب ہونڈا سِوک دیکھ رہے ہیں تو یہ آپ کو باقی گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ آرام اور بہتر ڈرائیونگ کا تجربہ دے سکتی ہے۔

2004 یا 2005 کی پرانی سِوک اس بجٹ کے قریب نظر آسکتی ہے، لیکن کم قیمت والی گاڑی خریدتے وقت خاص احتیاط ضروری ہے۔

سِوک کے انجن، گیئر، اے سی، سسپنشن، کولنگ سسٹم اور حادثے کی تاریخ کو اچھی طرح چیک کرنا چاہیے، کیونکہ سستی گاڑی بعد میں مہنگی پڑ سکتی ہے۔

زیادہ آرام اور بہتر ڈرائیونگ چاہنے والوں کیلئے، لیکن مرمت کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے۔

ہونڈا سٹی، سیڈان پسند کرنے والوں کیلئے

ہونڈا سٹی بھی 10 لاکھ روپے کے بجٹ میں ایک آپشن ہوسکتی ہے، لیکن اس قیمت میں اچھی حالت والی گاڑی تلاش کرنا آسان نہیں۔

2001 کا EXi ماڈل نسبتاً زیادہ حقیقت پسندانہ انتخاب ہے، جبکہ 2006 یا 2007 کا i-DSI اگر اس قیمت میں مل جائے تو اسے ایک اچھا سودا سمجھا جاسکتا ہے، لیکن گاڑی کی حالت ضرور دیکھیں۔

 اگر آپ چھوٹی گاڑی کے بجائے سیڈان لینا چاہتے ہیں تو یہ بہترین آپشن ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پوری رقم گاڑی پر خرچ کرنا دانشمندی نہیں ہے ، 10 لاکھ روپے کی گاڑی خریدتے وقت ایک اہم بات یاد رکھیں کہ پورا بجٹ گاڑی پر خرچ نہ کریں۔

اس قیمت میں زیادہ تر گاڑیاں کافی پرانی ہوں گی، اس لیے خریداری کے بعد ٹائر، بیٹری، اے سی، سسپنشن، انجن آئل، کولنگ سسٹم یا دیگر مرمت پر رقم خرچ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایپل کا بڑا سرپرائز! پہلا فولڈ ایبل آئی فون ’Duo‘ لانچ کردیا

بہتر ہے کہ تقریباً 1 سے 2 لاکھ روپے اضافی بچا کر رکھے جائیں تاکہ گاڑی خریدنے کے بعد اچانک آنے والے خرچ کا سامنا کیا جاسکے۔

کون سی گاڑی بہتر ہے؟

اگر آسان مرمت اور کم خرچ اہم ہے تو مہران، زیادہ آرام کیلئے سینٹرو، روزمرہ اور فیملی استعمال کیلئے کلٹس، جبکہ زیادہ آرام اور بہتر ڈرائیونگ کیلئے سِوک قابل غور ہے۔

اگر سیڈان ہی لینی ہے تو ہونڈا سٹی بھی اچھا آپشن ہوسکتی ہے، بشرطیکہ گاڑی اچھی حالت میں ہو۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس بجٹ میں ماڈل سے زیادہ گاڑی کی حالت دیکھیں۔ بہتر حالت والی پرانی گاڑی، ایسی گاڑی سے زیادہ فائدہ مند ہوسکتی ہے جو بظاہر خوبصورت ہو لیکن خریداری کے بعد مسلسل خرچ مانگتی رہے۔

editor

Related Articles