سینئر اداکارہ حنا دلپذیر نے شوبز انڈسٹری میں میرٹ کے بجائے پسند اور تعلقات کی بنیاد پر کام ملنے پر کھل کر اظہارِ ناراضی کیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حنا دلپذیر نے اپنے کیریئر اور موجودہ ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے مختلف باتیں کیں۔ میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ کیا انہیں سنجیدہ نوعیت کے اسکرپٹس کی پیشکش نہیں ہو رہی یا وہ خود کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں؟
اس پر حنا دلپذیر نے واضح کیا کہ انہیں اچھے اور سنجیدہ اسکرپٹس کی پیشکش ہی نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی اس کی وجہ تلاش کر رہی ہیں، لیکن اب تک انہیں اس سوال کا جواب نہیں مل سکا۔ اداکارہ نے شوبز انڈسٹری میں موجود لابی سسٹم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں لابی سسٹم بہت مضبوط ہے اور ہر کسی کو اپنی پسند کے لوگ ہی کام کے لیے درکار ہوتے ہیں۔
حنا دلپذیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ہر چینل کے اپنے 6،7 مخصوص لوگ ہیں، جو عیدالفطر کے پروگرام میں سفید اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر کالی شیروانی پہن کر بیٹھ جاتے ہیں۔ سینئر اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کبھی ایسا وقت آیا جب انڈسٹری میں واقعی میرٹ کی بنیاد پر کام دیا جانے لگا تو شاید انہیں بھی دوبارہ اچھا کام کرنے کا موقع مل جائے۔
حنا دلپذیر کے بیان نے ایک بار پھر پاکستانی شوبز انڈسٹری میں میرٹ، لابی سسٹم اور مخصوص فنکاروں کو بار بار مواقع ملنے کے معاملے پر بحث چھیڑ دی ہے۔