قائد اعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی، مزار قائد پر خصوصی تقریبات،خراج عقیدت پیش

قائد اعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی، مزار قائد پر خصوصی تقریبات،خراج عقیدت پیش

 بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ یوم وفات کے موقع پر مزار قائد پر اعلیٰ سرکاری حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دیں گے اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدائش

قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور 1893 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ روانہ ہوئے۔ 1896 میں بیرسٹری مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئے اور وکالت کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

سیاسی جدوجہد کا آغاز

وطن واپسی کے بعد قائداعظم نے عملی سیاست کا آغاز کیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ بعد ازاں مسلمانوں کے سیاسی حقوق اور مفادات کے حوالے سے کانگریس کی پالیسیوں سے ان کے اختلافات بڑھتے گئے۔

قائداعظم نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور ایک عرصے تک کانگریس اور مسلم لیگ کے درمیان سیاسی تعاون کی کوششیں بھی جاری رکھیں، تاہم 1920 میں کانگریس سے علیحدگی اختیار کرکے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کی جدوجہد تیز کردی۔

مسلمانوں کیلئے الگ وطن کی جدوجہد

قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا مطالبہ مضبوط ہوا۔ ان کی قیادت میں مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد بالآخر کامیاب ہوئی اور 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے ابھرا۔

پاکستان کے پہلے گورنر جنرل

قیام پاکستان کے بعد قائداعظم محمد علی جناح نے ملک کے پہلے گورنر جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ ایک مضبوط، منظم، جمہوری اور قانون کی حکمرانی پر مبنی پاکستان کے خواہاں تھے۔

11 ستمبر 1948 کو انتقال

قائداعظم کی زندگی نے قیام پاکستان کے بعد زیادہ عرصے تک انہیں قومی تعمیر میں کردار ادا کرنے کی مہلت نہ دی۔ وہ طویل علالت کے بعد 11 ستمبر 1948 کو انتقال کرگئے۔

مزار قائد پر خصوصی تقریبات

قائداعظم کے یوم وفات کے موقع پر مزار قائد پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، جہاں سرکاری حکام، سیاسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حاضری دے کر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

ملک بھر میں بھی قائداعظم کی زندگی، سیاسی جدوجہد اور قیام پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ قوم اس موقع پر بابائے قوم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو یاد کرتے ہوئے ملکی ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرے گی۔

editor

Related Articles