واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا فیچر، نجی چیٹس مزید محدود ہوجائیں گی

واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا فیچر، نجی چیٹس مزید محدود ہوجائیں گی

واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کے لیے نیا فیچر ’ریسٹرکٹڈ چیٹ‘ متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے مخصوص چیٹ کو ایسی پابندیوں کے تحت رکھا جا سکے گا کہ وہ صارف کی لنکڈ ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوگی۔

ریسٹرکٹڈ چیٹ فی الحال محدود اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کی جا رہی ہے۔ یہ دراصل ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کا نیا نام ہے۔ واٹس ایپ نے نام تبدیل کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ صارفین کو واضح ہو سکے کہ یہ بنیادی سیکیورٹی فیچر نہیں بلکہ اضافی اور اختیاری کنٹرول ہے۔ واٹس ایپ کی چیٹس اور کالز پہلے ہی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اوپن اے آئی کے اندر حساس معلومات کا معاملہ، 3 ملازمین فارغ

ریسٹرکٹڈ چیٹ کیسے فعال ہوگی؟

اینڈرائیڈ صارفین چیٹ کی انفارمیشن اسکرین سے ریسٹرکٹڈ چیٹ کو فعال کرسکیں گے۔ یہ آپشن پہلے سے بند ہوگا اور صارف کو اسے خود آن کرنا ہوگا۔ یہ فیچر فی الحال گوگل پلے پر بیٹا ورژن 2.25.39.11 میں دستیاب ہے اور ابھی صرف انفرادی چیٹس کے لیے کام کرتا ہے، گروپ چیٹس کے لیے نہیں۔

ریسٹرکٹڈ چیٹ فعال ہونے کے بعد اس کے قواعد چیٹ میں شامل تمام افراد پر لاگو ہوں گے۔ واٹس ایپ اس چیٹ کے میڈیا کو فون کی گیلری میں بیک اپ ہونے سے روک دے گا، جبکہ چیٹ ایکسپورٹ کرنے کا آپشن بھی دستیاب نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک کارڈ، کئی اکاؤنٹس، ادائیگی کا نیا نظام کیا ہے؟

اس کے علاوہ اس چیٹ میں میٹا اے آئی کے فیچرز بھی غیر فعال ہوجائیں گے اور چیٹ کسی بھی لنکڈ ڈیوائس پر دستیاب نہیں ہوگی۔چیٹ میں ایک سسٹم میسج کے ذریعے صارفین کو بتایا جائے گا کہ اس گفتگو کے پیغامات صرف پرائمری ڈیوائس پر بھیجے اور وصول کیے جاسکتے ہیں۔

واٹس ایپ کے مطابق اس تبدیلی سے غیر سرکاری کلائنٹس اور اے آئی ایجنٹس کے لیے لنکڈ ڈیوائسز کے ذریعے ان چیٹس تک رسائی کا راستہ بھی محدود ہوجائے گا۔ نئے فیچر کا ابتدائی ورژن بیٹا 2.25.36.4 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

editor

Related Articles