اوپن اے آئی کے اندر حساس معلومات کا معاملہ، 3 ملازمین فارغ

اوپن اے آئی کے اندر حساس معلومات کا معاملہ، 3 ملازمین فارغ

چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے حساس کمپنی معلومات سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی پر اپنے 3 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا۔

کمپنی کے مطابق تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ مذکورہ ملازمین نے طے شدہ طریقہ کار سے ہٹ کر حساس معلومات کو سنبھالا اور کمپنی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی۔ اوپن اے آئی نے واضح کیا کہ کسی بھی ملازم کو حفاظتی خدشات کی نشاندہی کرنے پر برطرف نہیں کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق معاملہ صرف کسی بیرونی تجزیاتی ادارے کے ساتھ معلومات شیئر کرنے تک محدود نہیں تھا، تاہم اوپن اے آئی نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایک کارڈ، کئی اکاؤنٹس، ادائیگی کا نیا نظام کیا ہے؟

سان فرانسسکو میں قائم اے آئی کمپنی نے برطرف کیے گئے ملازمین کے نام ظاہر نہیں کیے۔ تاہم وال اسٹریٹ جرنل اور بلومبرگ کی رپورٹس کے مطابق ان میں سے کم از کم 2 ملازمین سیفٹی اور الائنمنٹ کے شعبوں سے وابستہ تھے۔

اوپن اے آئی نے اے ایف پی کو جاری بیان میں کہا کہ تحقیقات سے تصدیق ہوئی کہ ملازمین نے حساس معلومات کو کمپنی کے طے شدہ طریقہ کار کے برخلاف استعمال کیا، پالیسیوں کی خلاف ورزی کی اور ادارے کے لیے ضروری اعتماد کو نقصان پہنچایا۔

اے آئی سیفٹی پر بحث مزید اہم ہوگئی

ملازمین کی برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے اثرات اور اس ٹیکنالوجی سے انسانیت کو لاحق ممکنہ خطرات پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 27 سالہ محقق جیکب کوکسن نے اے آئی کمپنی اینتھروپک سے استعفیٰ دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اوپن اے آئی سمیت بڑی اے آئی لیبارٹریاں زیادہ طاقتور ماڈلز تیار کرنے کی دوڑ میں انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

جیکب کوکسن اس سے قبل اوپن اے آئی میں بھی کام کرچکے ہیں۔ اوپن اے آئی کی جانب سے 3 ملازمین کی برطرفی نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ اے آئی کی ترقی کی دوڑ میں کمپنیوں کے اندر حساس معلومات اور سیفٹی سے متعلق معاملات کو کس طرح محفوظ رکھا جارہا ہے؟

editor

Related Articles