ڈی آئی خان میں قریشی موڑ بائی پاس روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ایف بی آر کے انفورسمنٹ اسکواڈ کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
ایف بی آر ترجمان کے مطابق انفورسمنٹ اسکواڈ کے 3 اہلکار قریشی موڑ بائی پاس روڈ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان شہید ہوگئے جبکہ سپاہی اظہار اللہ محفوظ رہے۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران ایف بی آر اہلکاروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈی آئی خان میں ایف بی آر انفورسمنٹ اسکواڈ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی اداروں کا تتہ پانی میں بڑا آپریشن، عوامی ایکشن کمیٹی کے 8 مسلح افراد گرفتار،بھاری اسلحہ برآمد
محمد اورنگزیب نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل پیروی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ کے فرائض انجام دینے والے ایف بی آر اہلکاروں کو حکومت کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ وزیر خزانہ نے مشکل حالات میں ایف بی آر اہلکاروں کے عزم اور فرض شناسی کو بھی سراہا۔


