14 اکتوبر تک بارشوں کا الرٹ؛ کن شہروں میں بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

14 اکتوبر تک بارشوں کا الرٹ؛ کن شہروں میں بادل برسیں گے ؟ محکمہ موسمیات  کی پیش گوئی

 پنجاب میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ 

صوبے کے بیشتر اضلاع میں 14 اکتوبر تک بارش کا امکان ،مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

کن شہروں میں بارش ہوگی؟

پی ڈی ایم اے کے مطابق 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش متوقع ہے۔ منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور قصور میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں بھی ان تاریخوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی صورت حال کے پیش نظر شہریوں کو موسم کی تازہ صورت حال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور میں ہلکی بارش

لاہور میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارش کے بعد واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود ہے۔ مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے انتظامات کی نگرانی کنٹرول روم کے ذریعے کی جارہی ہے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد کے مطابق فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ حکام کو بھی احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ان علاقوں میں سفر کرنے والوں کو موسم اور سڑکوں کی صورت حال پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بوسیدہ عمارتوں اور کچے مکانات میں رہنے سے گریز کریں۔ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے بچیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

آسمانی بجلی چمکنے کی صورت میں کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ والدین بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب جانے سے روکیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

editor

Related Articles