کے پی میں انتظامی بہتری کی جانب ایک اور قدم، ڈاکٹر فخر عالم عرفان نئے چیف سیکرٹری مقرر

کے پی میں انتظامی بہتری کی جانب ایک اور قدم، ڈاکٹر فخر عالم عرفان نئے چیف سیکرٹری مقرر

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں انتظامی سطح پر اہم تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو نیا چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات بھی صوبائی حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ ان کی بطور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر خدمات انجام دیں گے۔

ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکرٹری کے طور پر تعینات تھے۔ ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مردان سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا کے مظلوم عوام کو مبارک ہو، سہیل آفریدی کی رخصتی تاریخی خوشخبری ہے، اقرار الحسن

دوسری جانب حکومتِ پاکستان نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تعیناتی تاحکمِ ثانی مؤثر رہے گی، جبکہ ان کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت صوبائی حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔

محمد یحییٰ اخونزادہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات تھے۔ ان کا تعلق ضلع چارسدہ، خیبر پختونخوا سے ہے۔ وہ اپنے انتظامی کیریئر کے دوران جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ خیبر پختونخوا میں سیکرٹری صحت، سیکرٹری اطلاعات اور سیکرٹری تعلیم سمیت اہم انتظامی عہدوں پر کام کر چکے ہیں، جبکہ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان بھی رہ چکے ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ان نوٹیفکیشنز کے تحت ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان فوری طور پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات صوبائی حکومت کو دستیاب ہوں گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles