خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھی،مصطفیٰ کمال

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھی،مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھی، دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جانے چاہییں۔

 یہ بھی پڑھیں :سہیل آفریدی حفاظتی تحویل میں آگئے، ایمرجنسی، گورنر راج ضرورت کے تحت نافذ ہی رہے گا، اختیار ولی

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ سیکیورٹی اداروں کو دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے معاونت فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کا نفاذ عوام کے محفوظ مستقبل اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور شہریوں کو خوف سے پاک ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکیں۔

مصطفیٰ کمال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ خیبر پختونخوا سمیت پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ ملک میں پائیدار امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

editor

Related Articles