آٹا، مرغی، پیٹرول سب مہنگے، ایک ہفتے میں مہنگائی مزید بڑھ گئی، حکومتی رپورٹ نے ہلا کر رکھ دیا

آٹا، مرغی، پیٹرول سب مہنگے، ایک ہفتے میں مہنگائی مزید بڑھ گئی، حکومتی رپورٹ نے ہلا کر رکھ دیا

پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں ایک ہفتے کے دوران مزید 0.57 فیصد اضافہ ہوگیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.97 فیصد تک پہنچ گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹا 5.69 فیصد اور مرغی 4.93 فیصد مہنگی ہوگئی، جبکہ دال چنا، ٹماٹر اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 6 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ایک ہفتے میں آٹے کی قیمت میں 5.69 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 4.93 فیصد اضافہ ہوا۔ دال چنا 3.99 فیصد، ٹماٹر 2.40 فیصد اور پیٹرول 2.40 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح دال مسور کی قیمت میں 1.29 فیصد، چائے میں 1.08 فیصد، پکی ہوئی دال میں 0.98 فیصد اور دال ماش میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی کی قیمت 0.57 فیصد بڑھی، جبکہ دوسری جانب کیلے 2.81 فیصد، ڈیزل 1.37 فیصد، آلو 0.89 فیصد اور چینی 0.37 فیصد سستی ہوئی۔ گڑ کی قیمت میں 0.19 فیصد اور دال مونگ میں 0.03 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پنشن کون لے سکے گا، کتنے سال ملازمت کرنا ہوگی؟ عدالت کا اہم فیصلہ آ گیا

سالانہ بنیادوں پر قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیاز کی قیمت میں 100.24 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی 68.55 فیصد مہنگی ہوگئی۔ بجلی کے چارجز میں 58.59 فیصد، پیٹرول میں 47.52 فیصد اور ڈیزل میں 42.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران گندم کا آٹا 32.60 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد اور مٹن 15.02 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح بیف کی قیمت میں 12.60 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 9.44 فیصد اضافہ ہوا۔ سادہ ڈبل روٹی 8.99 فیصد اور دہی 8.08 فیصد مہنگا ہوا۔

دوسری جانب بعض اشیاء کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق آلو 39.51 فیصد، ٹماٹر 37.07 فیصد، چینی 22.44 فیصد اور انڈے 18.88 فیصد سستے ہوئے۔ نمک پاؤڈر کی قیمت میں 14.81 فیصد، دال مسور میں 9.79 فیصد، گڑ میں 8.59 فیصد اور دال مونگ میں 8.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کے باعث آٹا، مرغی اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بڑھوتری کا رجحان برقرار ہے، جبکہ سالانہ اعداد و شمار میں پیاز، ایل پی جی، بجلی اور ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles