فیس بک نے صارفین کو اپنی فیڈ اور ریلز میں نظر آنے والے مواد پر زیادہ کنٹرول دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے میٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نیا فیچر ’’یور الگورتھم‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
میٹا کے مطابق یہ فیچر پہلے انسٹاگرام پر متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب اسے فیس بک صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔ اس کی مدد سے صارفین اپنی دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق اس مواد کا تعین کرسکیں گے جو انہیں پلیٹ فارم پر دکھائی دیتا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین کو اپنی پسند اور ناپسند کے بارے میں اپنے الفاظ میں بتانے کی سہولت حاصل ہوگی، جس سے وہ خودکار سفارشات پر مکمل انحصار کرنے کے بجائے اپنے تجربے کو اپنی ضروریات کے مطابق ڈھال سکیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو مواد سے متعلق تجاویز کو مزید بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ صارفین اپنی ترجیحات میں تبدیلی کرکے الگورتھم کو حقیقی وقت میں اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکیں گے۔
کمپنی نے فیس بک کے تھری ڈاٹ مینیو کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے تاکہ صارفین کے لیے مواد سے متعلق ترجیحات کا تعین کرنا آسان ہو۔ اس مینیو کے ذریعے صارفین ’’یور الگورتھم‘‘ تک رسائی حاصل کرنے کے علاوہ ’’انٹرسٹڈ‘‘ اور ’’ناٹ انٹرسٹڈ‘‘ کے آپشنز بھی منتخب کرسکیں گے۔
میٹا کے مطابق پلیٹ فارم صارفین سے مزید سوالات بھی پوچھ سکتا ہے تاکہ ان کی دلچسپیوں اور ترجیحات کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے۔ اس طرح صارفین کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر فیڈ اور ریلز میں دکھائے جانے والے مواد کی سفارشات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔