فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان اور روس نے سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے، ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور رابطہ کاری بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
