خیبر پختونخوا میں موسم ایک بار پھر کروٹ بدلنے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ہفتے سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے جا رہا ہے، جس کے زیرِ اثر 10 سے 15 اکتوبر کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، اس دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی متوقع ہے، جس سے موسم سرد ہونے کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے لیے بھی چیلنجز بڑھ سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے الرٹ
ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تیز آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ برساتی نالوں اور دریاؤں کی کڑی نگرانی رکھیں، شہروں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائیں اور سڑکوں کو ہ ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھیں۔ ریسکیو اور دیگر ہنگامی ادارے بھی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
شہریوں اور کسانوں کے لیے خصوصی ہدایات
پی ڈی ایم اے نے عوام، سیاحوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے اس دور میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے اور بجلی کے تاروں یا کھمبوں سے دور رہنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب، کسانوں اور مال مویشی رکھنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور جانوروں کو ژالہ باری اور تیز بارش کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت انتظامات کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کے حصول کے لیے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے فعال ہے، اور شہری کسی بھی وقت ان کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔