پنجاب میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

پنجاب میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش نے موسم کا رنگ بدل دیا، جبکہ آزاد کشمیر اور چترال کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

لاہور میں فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی۔ سیالکوٹ اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ شرقپور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، سلانوالی اور بھیرہ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر برف کی سفید چادر

آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں کے بعد بعض شہری آبادیوں میں بھی برفباری ہوئی۔ وادی نیلم کے بالائی علاقوں، سیاحتی گاؤں اڑنگ کیل، گریس ویلی اور شونٹھر میں برفباری سے پہاڑوں اور وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ مظفرآباد اور گردونواح میں بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا، جبکہ وادی لیپہ، ضلع باغ اور حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:چترال میں موسم کی پہلی برفباری، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی،سردی کی شدت بڑھ گئی

چترال میں بھی موسم کی پہلی برفباری

چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہوئی، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان

انتظامیہ کے مطابق چترال کی رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، تاہم شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

editor

Related Articles