ایک نام، 2 زندگیاں، چین میں منفرد جوڑے کی شادی کے چرچے

ایک نام، 2 زندگیاں، چین میں منفرد جوڑے کی شادی کے چرچے

چین میں ایک ایسا دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔ ایک نوبیاہتا جوڑے کی خاص بات یہ ہے کہ شوہر اور بیوی دونوں کا نہ صرف نام ایک ہے بلکہ اسے چینی زبان میں ایک ہی انداز سے لکھا بھی جاتا ہے۔

33 سالہ دلہا اور 28 سالہ دلہن، دونوں کا نام زو شیاؤ کونگ ہے۔ دونوں کی شادی 6 اکتوبر کو چین کے صوبے ژجیانگ میں ہوئی۔ شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں تو یہ انوکھا اتفاق لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

دلہن کے مطابق، جب ان کے بعض رشتے داروں نے شادی کے انتظامات میں شوہر اور بیوی کا ایک ہی نام دیکھا تو انہیں لگا کہ شاید کسی سے غلطی ہوگئی ہے۔ تاہم حقیقت سامنے آنے پر رشتے داروں نے اسے محض اتفاق کے بجائے قسمت کا کھیل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:آسمان میں اڑتے طیارے میں دھواں، مسافروں پر خوف طاری

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کا نام ایک ہونے کے علاوہ ان کا تعلق بھی ایک ہی صوبے سے ہے، جبکہ دونوں سول ایوی ایشن کی صنعت میں کام کرتے ہیں۔ دلہن فلائٹ اٹینڈنٹ ہیں، جبکہ دلہا ایوی ایشن سیفٹی آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔

ایک ہی نام نے پہلی ملاقات میں بھی سب کو حیران کردیا

اس جوڑے کی پہلی ملاقات 2016 میں ایک جاب فیئر کے دوران ہوئی تھی۔ اس وقت جب انٹرویو کرنے والے شخص نے زو شیاؤ کونگ کا نام پکارا تو حیران کن طور پر دونوں ہی اپنی جگہ سے کھڑے ہوگئے۔

اس وقت دونوں نے اسے ایک عام سا اتفاق سمجھا، لیکن بعد میں دلہا کے ایک ساتھی نے، جو دلہن کے ساتھ تعلیم حاصل کر چکا تھا، دونوں کے ایک جیسے ناموں پر غور کیا اور انہیں ایک دوسرے سے متعارف کروا دیا۔ 2019 سے دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے لگے اور بالآخر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:میکسیکو میں شادی کا حیران کن واقعہ، دلہن اور دولہا کی عمروں میں 78 سال کا فرق

ایک نام، مگر مشکلات بھی کم نہیں!

اس انوکھے اتفاق نے جہاں ان کی زندگی کو دلچسپ بنا دیا، وہیں کچھ عملی مسائل بھی پیدا کیے۔ رواں سال مئی میں جب دونوں نے شادی کی رجسٹریشن اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دی تو کمپیوٹر سسٹم کو دونوں کی یکساں تفصیلات میں فرق کرنے میں دشواری پیش آئی۔ صورتحال ایسی ہوگئی کہ عملے کو کچھ کارروائی کمپیوٹر کے بجائے دستی طور پر مکمل کرنا پڑی۔

یہ منفرد جوڑا اب سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ کچھ صارفین اسے محض ایک حیرت انگیز اتفاق سمجھتے ہیں، جبکہ دوسروں کے نزدیک ایک ہی نام والے2افراد کا زندگی کے ساتھی بن جانا واقعی قسمت کی بات ہے۔

editor

Related Articles