پاکستانی فلم ’کالا پانی‘ نے ریلیز سے قبل ہی بین الاقوامی فلمی میلوں میں جگہ بنا کر توجہ حاصل کرلی ہے۔ سندھ فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کو کانز فلم فیسٹیول، اسٹاک برج فلم فیسٹیول اور ساؤتھ فلم اینڈ آرٹ اکیڈمی فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر نعمان النبی جبکہ ہدایتکار رانا کامران ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں مرزا گوہر رشید، حرا مانی، عمر عالم، سلیم معراج اور ثاقب سمیر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم ’کالا پانی‘ کی کہانی ایک قیدی کے گرد گھومتی ہے، جس میں ڈرامے، ایکشن، سسپنس اور بدلے کی کہانی کو نمایاں کیا گیا ہے۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایتکار رانا کامران نے بتایا کہ فلم میں کئی کردار دکھائی دیں گے، لیکن ’کالا پانی‘ محض ایک فلم نہیں بلکہ خود بھی ایک کردار کی طرح محسوس ہوتی ہے۔
ان کے مطابق فلم کی کہانی انتقام کے جذبے کے گرد بنتی ہے اور اس میں ایسے عناصر شامل ہیں جو نیٹ فلکس، پرائم ویڈیو اور دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کا مواد دیکھنے والے ناظرین کو پسند آسکتے ہیں۔ رانا کامران نے واضح کیا کہ ’کالا پانی‘ روایتی کمرشل فلموں سے مختلف ہے، کیونکہ اس کی کہانی اور پیشکش اسے ایک منفرد انداز دیتی ہے۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال مئی میں مکمل کی گئی، جبکہ اس کے مختلف مناظر کراچی کے مختلف علاقوں میں عکس بند کیے گئے۔ فلم کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہدایتکار کے مطابق نومبر میں اس کی ریلیز کے امکانات زیادہ ہیں، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان سندھ فلمز کی جانب سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رانا کامران اس سے قبل ’دیمک‘، ’نابالغ افراد‘، ’لوڈ ویڈنگ‘، ’وی آئی پی‘، ’جن محل‘ اور ’نامعلوم افراد‘ سمیت مختلف فلموں میں بطور ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی (ڈی او پی) کام کر چکے ہیں۔