میکسیکو میں عمر کے غیر معمولی فرق کے ساتھ ہونے والی شادیوں نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ ایک شادی میں 96 سالہ خاتون نے 18 سالہ نوجوان سے شادی کی، جس کے بعد دونوں کی عمروں میں 78 سال کا فرق سامنے آیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ شادی 2025 میں میکسیکو کی ریاست کینٹانا رو کے علاقے اوتھون پی بلانکو میں ہوئی۔ اس شادی کا انکشاف حال ہی میں میکسیکو کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسٹیٹسٹکس اینڈ جیوگرافی کی جانب سے جاری کردہ قومی اعداد و شمار سے ہوا۔ سرکاری دستاویزات میں جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 2025 میں میکسیکو میں عمر کے بڑے فرق والی ایک اور شادی بھی ہوئی۔ موریلیا میں 96 سالہ خاتون نے 19 سالہ نوجوان سے شادی کی، جس کے نتیجے میں دونوں کی عمروں میں 77 سال کا فرق تھا۔ اسی طرح میکسیکو کے علاقے زیکوٹینکاٹل میں بھی ایک شادی ریکارڈ کی گئی، جہاں دلہا 90 سال کا جبکہ دلہن کی عمر 18 سال تھی۔
عمر کا فرق بنا توجہ کا مرکز
ان شادیوں کے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد عمر کے غیر معمولی فرق کے ساتھ ہونے والے ازدواجی رشتے ایک بار پھر موضوع بحث بن گئے ہیں۔ تاہم سرکاری اعداد و شمار میں ان جوڑوں کے نام اور شادی کے پس منظر کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔