عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، کیونکہ سرمایہ کار تیل بردار جہازوں پر عائد پابندیاں نرم کرنے کے ممکنہ امریکی اقدامات کے پیشِ نظر محتاط حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں۔

خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد کم ہو کر 105.51 ڈالر فی بیرل ہو گئی ، اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 54 سینٹ، یعنی 0.55 فیصد سستا ہو کر 97.43 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

ماہرین کے مطابق تیل بردار جہازوں پر پابندیوں میں ممکنہ نرمی کی اطلاعات نے منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے ، اگر ایسے اقدامات عملی شکل اختیار کرتے ہیں تو عالمی سطح پر تیل کی ترسیل میں آسانی پیدا ہو سکتی ہے، جس کا اثر قیمتوں پر پڑنے کا امکان ہے تاہم فی الحال سرمایہ کار کوئی بڑا فیصلہ کرنے کے بجائے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :دنیا میں تیل کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہونے لگے ، آرامکو سربراہ نے خبردار کردیا

دوسری جانب قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے رسد پر دباؤ کم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ایجنسی نے مارچ میں ہنگامی ذخائر سے تیل جاری کرنے کے اعلان کے تحت 2 کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور باقی ماندہ تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد منڈی میں سپلائی کی کمی کے خدشات کو کم کرنا اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں کی قیمتیں اب بھی 95 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہیں، جو عالمی معیشت اور درآمدی ممالک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ تیل کی بلند قیمتیں ٹرانسپورٹ اور صنعتی لاگت بڑھاتی ہیں، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

آنے والے دنوں میں منڈی کی نظریں امریکی پالیسی اقدامات اور توانائی ایجنسی کے ذخائر جاری کرنے کے عمل پر مرکوز رہیں گی، جو تیل کی قیمتوں کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

editor

Related Articles