99 سال کی عمر میں خطرناک کرتب، برطانوی خاتون نے دنیا کو حیران کردیا

99 سال کی عمر میں خطرناک کرتب، برطانوی خاتون نے دنیا کو حیران کردیا

عمر کی 99 بہاریں دیکھنے کے باوجود ہیلگا ڈفی نے ایسا کارنامہ انجام دے دیا جس نے سب کو حیران کردیا۔ برطانوی خاتون نے چلتے ہوئے طیارے کے پر پر کھڑے ہوکر خطرناک ونگ واکنگ کا مظاہرہ کیا اور دنیا کی معمر ترین ونگ واکر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ہیلگا ڈفی نے بتایا کہ انہیں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا خیال اس وقت آیا جب انہوں نے سابق ریکارڈ ہولڈر بیٹی برومیج کو 97 سال کی عمر میں یہ خطرناک کرتب دکھاتے ہوئے دیکھا۔ اس کے بعد انہوں نے بھی یہ اعزاز حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق، ہیلگا ڈفی کا یہ مظاہرہ ان کی سالگرہ، 23 ستمبر کو ہونا تھا، تاہم اسے ملتوی کرکے 16 اکتوبر کو منعقد کیا گیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے ان کی کامیابی کی تصدیق کی اور انہیں ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔

ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ فلاحی کام بھی

ہیلگا ڈفی نے اپنے اس غیر معمولی کارنامے کے ذریعے ولٹ شائر اور باتھ ایئر ایمبولینس سروس کے لیے عطیات بھی جمع کیے، تاکہ ان اداروں کے فلاحی کاموں میں مدد فراہم کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:پہلے جان لیوا حملے کی ویڈیو، پھر اے آئی کلپ، ٹرمپ نے کیا کردیا

دوسری جانب سابق ریکارڈ ہولڈر بیٹی برومیج نے ہیلگا ڈفی کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنا اعزاز واپس حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی 100ویں سالگرہ کا انتظار نہیں کرسکتیں، تاکہ دوبارہ یہ کرتب دکھا کر اپنا ریکارڈ واپس لینے کی کوشش کرسکیں۔

99 سال کی عمر میں ایسا خطرناک مظاہرہ کرنے والی ہیلگا ڈفی نے ثابت کردیا کہ بلند حوصلے اور کچھ نیا کرنے کا جذبہ عمر کا پابند نہیں ہوتا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا بیٹی برومیج دوبارہ یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں یا ہیلگا ڈفی کا اعزاز برقرار رہتا ہے۔

editor

Related Articles