وفاقی وزیر امورِ کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نہیں بلکہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، صوبہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومت مقبوضہ کشمیر کی ماؤں اور بہنوں کو سلام پیش کرتی ہے اور کشمیری عوام کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف اور ریاست کے ساتھ ہیں۔ صوبے کے عوام نے قیامِ پاکستان کے وقت بھی ملک کا بھرپور ساتھ دیا تھا اور آج بھی ملک و ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل وقت میں خاکی وردی والے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی فوج نے بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملایا اور اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
امیر مقام نے پاکستان تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی 13 سالہ بدترین حکومت سے عوام کو نجات مل گئی ہے۔ پی ٹی آئی کا کام صرف پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانا تھا، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ تین ماہ تک اپنے دفتر نہیں گئے اور چندہ اکٹھا کرنے کے لیے لانگ مارچ کو طول دیا گیا۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جانے سے عوام ناخوش ہیں، وہ آج ہری پور میں ہزاروں افراد کی شرکت دیکھ لیں۔ باہر بیٹھے یوٹیوبرز اپنی مرضی کے خاکے بنانے کے بجائے یہاں آکر عوام کا رجحان دیکھیں۔
وفاقی وزیر امورِ کشمیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا چیپٹر بند ہوچکا ہے اور اب اس کا احتساب ہوگا، انہیں جواب دہ ہونا پڑے گا۔ آئندہ انتخابات میں حقیقی عوامی نمائندے کامیاب ہوکر آئیں گے۔ ملک ہے تو سیاست ہے اور ملک ہی سب کچھ ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) کی تمام قیادت ہری پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں ہری پور کو ترجیح دی جائے گی۔ علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
