حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کردیا گیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی فی لیٹر قیمت کم کردی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 346 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے،اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 25 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے موٹر سائیکل سواروں، نجی گاڑیوں کے مالکان اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ خصوصاً ڈیزل کی قیمت کم ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اثر اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل کے اخراجات پر بھی پڑ سکتا ہے، تاہم اس کا براہ راست فائدہ صارفین تک پہنچنا قیمتوں میں کمی کے تناسب اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں ردوبدل سے مشروط ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 10 نومبر تک نافذ العمل رہیں گی۔ اس مدت کے بعد حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لے کر آئندہ قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔
